اسلام آباد(جی این اے)کشمیر یوتھ الائنس کے زیراہتمام اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں عظیم حریت رہنما علی گیلانی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے بھ...
اسلام آباد(جی این اے)کشمیر یوتھ الائنس کے زیراہتمام اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں عظیم حریت رہنما علی گیلانی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے بھرپورکانفرنس کا انعقادکیا گیا۔
پروقارتقریب کی مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق مشعال ملک تھیں جبکہ دیگرمعززمہمانان گرامی میں حریت رہنما و صدر کشمیر یوتھ الائنس ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی، سینیئر صحافی حامد میر، لیفٹینینٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی، بریگیڈیئر رحمان بلال، جنرل عالم خٹک، سابق سینیٹر سحر کامران اور کشمیریوتھ الائنس کےسیکرٹری جنرل رضی طاہر شامل تھے۔تقریب کا باقاعدہ آغازتلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جسکے بعد نظامت کے فرائض سیبا اعجاز اورعذرہ بی بی نے باخوبی سرانجام دئیے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرمشعال ملک نے کہا کہ کشمیری قوم کو اللہ نے دنیا کے بہادر ترین رہنماؤں کی چھتری کے نیچے رکھا، سید علی گیلانی نے 30 سے زائد کتابیں لکھیں، ان کی زندگی کا ہر لمحہ جدوجہد سے عبارت تھا، وہ پاکستان اور کشمیر کیلئے مثال ہیں، انہوں نے کہا کہ نوجوان سید علی گیلانی کی زندگی اور کتابوں پر ریسرچ کریں اور ان کا پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں۔ سید علی گیلانی کی خواہش تھی کہ انہیں شہداء کے قبرستان میں دفنایا جائے لیکن دہشتگرد بھارت نے انہیں رات کے اندھیرے میں دفنایا اور ان کی قبر کو جیل بنادیا گیا تاکہ کوئی وہاں فاتحہ کیلئے بھی نہ جاسکے۔ شہید سید علی گیلانی سے میں ملی تو انہوں نے پیار دیا اور کہا کہ آپ نے پاکستان سے مقبوضہ کشمیر آکر بہت بڑی قربانی دی۔ سید گیلانی یسین ملک کو سگے بیٹے کی طرح عزیز رکھتے تھے۔
صدر کشمیر یوتھ الائنس وحریت رہنما ڈاکٹر مجاہد گیلانی نے کہا کہ سید علی گیلانی کا نعرہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے یہ نعرہ ہر کشمیری کا نعرہ ہے، یہ نظریہ مقبوضہ کشمیر کے نوجوان کبھی نہیں بھلاسکتے۔
سینیئر صحافی حامد میر نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی کو الفاظ میں سمیٹنا ناممکن ہے، وہ عظیم حریت رہنما تھے، ان سے دو ملاقاتیں ہوئیں اور وہ کشمیر کاز کیلئے پرعزم دکھائی دیئے۔حامد میر نے مزید کہاکہ پاکستان بننے کے بعد ہم جاگیرداروں اورانگریزوں کے ایجنڈے پر چل نکلے یہی وجہ ہے کہ آج ہم مسائل کا شکار ہیں،اگرچہ کشمیر کی تحریک آزادی کیساتھ حکمران اتنے مخلص نہیں رہے مگرپاکستانی عوام ضرورتحریک آزادی کو کامیابی سے ہمکنارہونا دیکھنا چاہتی ہے،تحریک آزادی کو پاکستانی عوام کی بھرپورحمایت بھی حاصل ہے اورآگے بھی ہمیشہ رہے گی۔
جنرل اسد درانی نے کہا ہم نے کشمیر کے ساتھ انصاف نہیں کیا، جو محبت کشمیر کی عوام نے ہمیں دی ہمارے حکمرانوں نے وہ صلہ نہیں دیا۔ بلکہ کشمیر کاز کو پس پشت ڈالے رکھا۔
سابقہ سینیٹر سحر کامران نے کہا کہ سید علی گیلانی کی خدمات پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں